
پاکستان میں ٹیوٹا کمپنیوں کی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی انڈس موٹرز کمپنی نے امپورٹس پر عائد پابندیوں کو دیکھتے ہوئے عارضی طور پر پلانٹس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انڈس موٹرز کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بذریعہ نوٹس آگاہ کیا کہ امپورٹس کیلئے ایل سیز کھلنے میں ہونےوالی تاخیر کے باعث پروڈکشن جاری نہیں رکھ سکتے لہذا 20 سے 30 دسمبر تک پروڈکشن یونٹ کو مکمل طور پر بند کیا جارہا ہے۔
انڈس موٹرز کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے آٹو سیکٹر کوامپورٹس کیلئے پیشگی اجازت لینے کا ایک نظام متعارف کروایا،اس نظام کے تحت کمپنی اور اس کے وینڈرز کو امپورٹس کیلئے اجازت لینے میں تاخیر اور رکاوٹوں کا سامنا کرناپڑاجس کے نتیجے میں کمپنی کے پاس امپورٹڈ پارٹس اور خام مال کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی، اس سارےعمل میں تاخیر سے گاڑیوں کی پروڈکشن ، سپلائی چین اس قدر متاثر ہوئی کہ موجودہ حالات میں گاڑیوں کی پروڈکشن جاری رکھنا تقریبا ناممکن ہوگیا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس ساری صورتحال کو دیکھتےہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 20 سے 30 دسمبرتک کمپنی اپنے پروڈکشن پلانٹس کو مکمل طورپر بند کردے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں آٹو انڈسٹری مکمل طور پر امپورٹس پر چلتی ہے،تاہم روپے کی قدرمیں بدترین گراوٹ کو دیکھتے اور ڈالر کی اڑان کو روکنے کیلئے اسٹیٹ بینک نے ایل سیز پر پابندیاں عائد کرنا شروع کردیں تاکہ امپورٹ بل کو کم کیا جاسکے،انڈس موٹرز حکام نے گزشتہ ماہ ان پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی پالیسیوں سے ملک میں آٹو انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، کمپنی نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا تھا کہ آٹو سیکٹرامپورٹ بل میں صرف 3 فیصد کا حصے دار ہےلہذا اس سیکٹر کیلئے امپورٹس پر عائد پابندیوں کو نرم کیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7indusmotorspakistan.jpg