ٹرین میں پولیس اہلکار کے تشدد کانشانہ بننے والی خاتون کی موت کیسے ہوئی؟

8kahtoonnmoousjjdjdjtrain.png

ترجمان پاکستان ریلوے نے ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون پر تشدد کی ویڈیو کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اب تک کی تفتیش کے مطابق خاتون نے خود ٹرین سے چھلانگ لگائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان ریلوے بابر علی رضا نے جیو نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ پر ریلوے نے خود مقدمہ درج کروایا، جس بوگی میں واقعہ پیش آیا اس میں موجود مسافروں سے رابطہ کرکے بیانات لیے جارہے ہیں، پولیس اہلکار میر علی سے بھی ابتدائی بیان لے لیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے نے کہا کہ مسافروں سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق مذکورہ خاتون کسی اور مسافر کی بک کی گئی سیٹ پر بیٹھی تھی، مسافروں نے خاتون کو اٹھنے کیلئے مجبور کیا اور جوابا اس کے سامان کو بکھیرنے کی کوشش کرنے لگی، ایسے میں مسافروں نےپولیس اہلکاروں کو بلایا، پولیس اہلکار ے 20 سے 25 منٹ تک خاتون کی منت سماجت کی مگر جب وہ نہیں مانی تو اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ ویڈیو میں سب کے سامنے ہے۔


بابرعلی رضا نےکہا کہ اب تک کی معلومات کے مطابق خاتون نے خود ٹرین سے چھلانگ لگائی، تاہم انکوائری کے دوران کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، خاتون کو کسی ایسی جگہ پر نہیں رکھا گیا تھا جہاں کوئی دوسرا موجود نا ہو۔

انہوں نے کہا کہ خبریں نشر کی جارہی ہیں کہ پولیس اہلکار نے خاتون کو قتل کیا، انکوائری کے دوران پتا چلا کہ خاتون کی لاش ملتان ڈویژن میں رلی تھانے کی حدود میں چنی گوٹھ کے قریب سے برآمد ہوئی، اس اہلکار کی سی ڈی آر کے مطابق 7 اور 8اپریل کو اہلکار کی ڈیوٹی کراچی حیدرآباد میں تھی، اس اہلکار کو 7 تاریخ کو حیدرآباد میں اسلحہ جمع کرواتے ہوئے بھی اسٹیشن عملے نے دیکھا ہے اور اس کا ریکارڈ رجسٹر میں بھی موجود ہے کہ وہ پولیس اہلکار حیدرآباد میں اتر گیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1780231843368800673
خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی سےفیصل آباد جانےوالی ٹرین میں پولیس اہلکار کی خاتون اور بچے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی، خاتون مبینہ طور پر ٹرین کی کھڑکی سے باہر کود گئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، واقعہ کے بعد پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم وہ عدالت سے ضمانت ملنے پر رہا ہوگیا ہے۔