
وزیرِ اعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات۔۔ وزیراعظم کی بات پر قہقہے لگتے رہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے چوہدری برادران سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انکی خیریت دریافت کی۔
نجی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری شجاعت سے کہا کہ کئی لوگ آپکی صحت پوچھنے کے بہانے آپکے پاس آرہے ہیں جس پر چوہدری شجاعت نے سوال کیا کہ کون لوگ آرہے ہیں؟ آپ کن کی بات کررہے ہیں؟
اس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپکو معلوم ہے میں جن کی بات کررہا ہوں، میں شہبازشریف کی بات کررہا ہوں جن کو آپکی 14 سال بعد یادآئی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی بات پر چوہدری برادران اور وفاقی وزراء نے قہقہہ لگایا اور پرویزالٰہی نے کہا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے جدا نہیں ہوں، چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں، ہم بالکل نہیں گھبرا رہے جس پر ایک بار پھر قہقہے لگ گئے۔
ق لیگ کے ذرائع کے مطابق کہ ملاقات کے دوران تحریکِ عدم اعتماد پر وزیرِ اعظم عمران خان کا چوہدری برادران سے کوئی ڈسکشن نہیں ہوا۔تحریکِ عدم اعتماد کا ذکر نہ تو وزیرِ اعظم عمران خان نے کیا اور نہ ہی چوہدری برادران نے کیا۔
ایک اور نجی چینل سماء نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری برادران نے وزیراعظم عمران خان کا آخری دم تک ساتھ دینے کا وعدہ کیا اور تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں ڈٹ کر مقابلہ کرنیکی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر چوہدری برادران نے مہنگائی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کررکھا ہے، اس پر بھی کچھ سوچیں جس پر وزیراعظم نے کہا کہ اسی لئے تو گزشتہ روز عوام کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/qahri11h1.jpg