
تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نےدعویٰ کیا ہے کہ اب ایک نیا "ڈنڈا پروگرام" شروع ہونے جا رہا ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائے نیوز کے پروگرام پاورپلے میں کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب کا گزارا مشکل ہوگیا، سب اچھا کی رپورٹ دینے والوں کے خلاف وزیر اعظم "ڈنڈا پروگرام" شروع کرنے والے ہیں۔
ارشد شریف کے ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے واوڈا نے کہا کہ مہنگائی کیوجہ سے عام آدمی کیلئےگھر چلانا مشکل ہوگیا ہے، ہمیں اس کا احساس ہے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سینیٹر واوڈا نے مزید کہا کہ کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر وزیراعظم نے ہمیشہ کی طرح بھروسہ کیا مگر ناعاقبت اندیش لوگوں نے رشتےداروں کو ٹکٹ دیے جس کی وجہ سے امیدواروں کو شکست ہوئی مگر انتخابات میں ہمارے کارکن کی جیت ہوئی۔
حکمران جماعت کے سینیٹر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ آہستہ آہستہ چیزیں کھل رہی ہیں، پیالی میں طوفان برپاکرنے والے اور سب اچھا کی رپورٹ دینے والے سامنے آرہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں شکست کی بنیادی وجوہات مہنگائی، رشتے داری اور ٹکٹوں کی غلط تقسیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسپیڈ بریکر اور اپ ڈاؤن آنا معمولی بات ہے، وزیراعظم کے پاس ایسا بلڈوزر ہے جو اس اسپیڈ بریکر کو ختم کردے گا۔ پاکستان میں اب 90 کی دہائی والی سیاست نہیں ہو سکتی کیونکہ عمران خان نوازشریف یا زرداری نہیں ہیں۔
فیصل واوڈا نے آئندہ سال کو سب کی ترقی کیلئے اہم سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات میں اہم فیصلے کیے جن پر وہ آج بھی کھڑے ہیں، انڈر دی ٹیبل، آؤٹ آف ٹرن پرموشن اور این آر او اب ماضی کے قصے ہیں اب ان کیلئے کوئی مزید گنجائش نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ik-danda11.jpg