
وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکل اور رکشا چلانے والوں کو رعایتی پیٹرول کی فراہمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسلام آباد میں 10لاکھ افراد کو رمضان المبارک میں مفت آٹا بھی فراہم کیا جائیگا،وزیراعظم کی زیرصدارت غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلیے اقدامات پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کو موٹر سائیکل اور رکشا والوں کیلیے رعایتی پٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی،اس حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں،وزیرِ اعظم نے پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنیکی ہدایت کی،شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشا والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موٹرسائیکل سواروں کو 25سے50روپے لٹر سستا پٹرول دینے پر غور کیا گیا، حکومت سالانہ 150ارب روپے کی سبسڈی کے ذریعے سستا پٹرول فراہم کرنا چاہتی ہے اور آئی ایم ایف کے اعتراض سے بچنے کیلئے سبسڈی کی رقم کارمالکان سے وصول کرنے کا منصوبہ ہے۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کار مالکان کیلئے پٹرول قیمت بڑھا کر300سے325روپے لٹر جبکہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے قیمت کم کر کے 225سے250روپے لٹر کر دی جائے۔ سستا پٹرول دینے کیلئے ابھی کوئی میکنزم طے نہیں کیا گیا تاہم صارفین کو پری پیڈکارڈز یا نقد رقم دینے کے آپشنز زیر غور ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی موٹرسائیکل والوں کو مہینے میںکم از کم ایک ہزار روپے کی پٹرول سبسڈی دی جانی چاہئے، ذرائع کے مطابق حکومت آئی ایم ایف اور اپنے ووٹرز کیساتھ جوا کھیل رہی ہے کیونکہ نہ تو آئی ایم ایف اس تجویز کی حمایت کر سکتا ہے اور نہ ہی کار مالکان اضافی رقم دینے پر راضی ہوں گے اور یہ امتیازی اقدام عدالتوں میں چیلنج ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں رمضان کے دوران غریب و متوسط طبقے کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، اسکیم کے تحت اسلام آباد کے 10 لاکھ لوگوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس سکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی، اور کہا رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
لاہور میں وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس ہوا،جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، احمد چیمہ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹے کی فراہمی کا پیکج تیارکیا گیا ہے، مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے، رمضان میں پنجاب بھرکے ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائیگا، آٹے کی فراہمی کے دوران چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shahaibaash.jpg