ورلڈ کپ،میزبان بھارت کی بدانتظامیاں شائقین کرکٹ کیلئےپریشانی کاسبب بن گئیں

1bhatibadintamzi.jpg

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ2023 کے شیڈول میں تبدیلیوں کاا مکان ہے، شیڈول میں چھیڑ چھاڑ کے باعث پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ بھی تبدیل ہوگی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیر معمولی تاخیر کے بعد جاری کردہ میگا ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کی کوشش کی جارہی ہے، اطلاعات ہیں کہ 15 اکتوبر کو ایک مقامی تہوار کی وجہ سے پاک بھارت میچ کی تاریخ کو تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

میگا ایونٹ کے شیڈول پر کئی ممالک کے کرکٹ بورڈ ز کو میچز میں کم یا زیادہ وقفے سمیت مختلف تحفظات بھی سامنے آئے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے مجموعی طور پر 6 میچز کی تاریخوں میں تبدیلی پر غور شروع کردیا ہے ، ان میں سے 2 میچز پاکستان کے بھی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے شیڈول کے تحت پاکستان اور سری لنکا کے مابین 12 اکتوبر کو کھیلے جانے والا میچ اب 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوگا، انگلینڈ بمقابلہ افغانستان، آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش کے میچز مقرر کردہ تاریخوں سے ایک ، ایک روز قبل ہوں گے، پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کے بجائے14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں میچوں کی تاریخ میں تبدیلی پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے، تاہم اطلاعات ہیں کہ12 نومبر کو شیڈولڈ پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کی تاریخ کو بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث تبدیل کیا جاسکتا ہے، کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے آئی سی سی کو سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے مقامی ایجنسیز کی رپورٹس سے آگاہ کردیا ہے، ویسٹ بنگال میں اس روز کالی پوجا کے باعث میلوں کا انعقاد ہوگا جس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔
 

Back
Top