ورلڈ کپ،جنوبی افریقہ کو اپنے ہی سابقہ کھلاڑیوں کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

4savvsnndddjdkj.png

ورلڈ کپ 2023 کے دوران جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم اپنے ہی تین سابقہ کھلاڑیوں کے باعث نیدرلینڈ سے شکست کھا بیٹھا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران گزشتہ روز حیران کن طور پر نیدر لینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، تاہم کہا جارہا ہے کہ جنوبی افریقہ کو شکست درحقیقت ان کے اپنے تین سابقہ کھلاڑیوں نے دی ہے۔

یہ اس لیے کہا جارہا ہے کہ نیدر لینڈ کی ٹیم میں 3 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز جنوبی افریقہ سے کیا اور بین الاقوامی سطح تک جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی، مگر مختلف وجوہات کے باعث انہوں نے جنوبی افریقہ کو چھوڑ کر نیدر لینڈ کی ٹیم جوائن کی اور اس ورلڈ کپ میں اپنی سابقہ ٹیم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔


ان کھلاڑیوں میں کولن ایکرمین، روئیلوف وین مروے اور سائبر ینڈ اینجلبرچٹ شامل ہیں، آف اسپنر کولن ایکرمین جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں پیدا ہوئے اور 2010 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیئے، 2017 میں انہیں جنوبی افریقہ کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز میں ڈومیسٹک پلیئر آف دی سیزن قرار دیا گیا ۔

کولن ایکرمین بعد ازاں نیدرلینڈ منتقل ہوئے اور انہوں نے 2019 میں ہالینڈ کی جانب سے بین الاقوامی کیریئر کاآغاز کیا۔

1-1697618248.jpg


جنوبی افریقہ کی شکست میں اہم کردار ادا کرنے والے دوسرے نیدرلینڈ کے کھلاڑی سائبر ینڈ اینجلبرچٹ تھے جو جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں پیدا ہوئے اور 2007 میں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا،2008 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی اور اس کے بعد نیدر لینڈ منتقل ہوگئے اور بھارت میں ہونےوالے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ڈیبیو کیا۔

تیسرے کھلاڑی آل راؤنڈر روئیلوف وین مروے ہیں جو جوہانسبرگ میں پیدا ہوئے،2006 میں لسٹ اے کرکٹ میں ڈیبیو کیا، 2009 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم میں شامل ہوئے اور 2011 تک انہوں نے ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی، 2015 میں وہ نیدرلینڈ منتقل ہوئے اور اسی سال ٹی 20 ورلڈ کے کوالیفائر میں ڈچ ٹیم کا حصہ بنے۔
 

Back
Top