
پاکستانی شوبز اور ماڈلنگ انڈسٹری کی نامور ماڈل مشک کلیم نے اداکارہ عفت عمر کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد کو اغوا ہوئے 9 برس گزر گئے ہیں۔
مشک کلیم نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی فیملی نے ان کے والد کو 2013 میں کھو دیا تھا کیونکہ وہ نائجیریا میں تھے اور وہیں پر ان کا اغوا ہوا جس کے بعد آج تک ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا۔
ماڈل نے بتایا ان کے والد کے لاپتہ ہونے کے بعد ماں نے کوئی نوکری نہیں کی تھی مگر ہمارے پاس والد کی بہت اچھی نوکری ہونے کی وجہ سے سیونگز تھیں جس سے ہم نے پھر سرمایہ کاری کی جس سے ہمارا گھر بہت بہتر طریقے سے چلتا رہا۔
انہوں نے کہا میرا ماننا ہے کہ انسان کو ہر حال میں اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہیے، جب یہ ہوا میرا بڑا بھائی 19 سال کا تھا اور دو چھوٹے بھائی کافی کم عمر تھے، اس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ زندگی کتنی غیر متوقع ہے، آپ کو ہر وقت ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
مشک کلیم نے کہا اس سب کے بعد میری والدہ نے بہت ہمت دکھائی اور میں ان ہی سے متاثر ہوئی، انہوں نے خود ہی ہم چاروں کی پرورش کی، ہمیں پڑھایا، والد کے جانے کے بعد میری امی پتھر کی دیوار بن کر ہمارے سامنے کھڑی ہوئیں۔
یاد رہے کہ مشکل کلیم پاکستان کی واحد ماڈل ہیں جنہوں نے کسی غیر ملکی ماڈلنگ پلیٹ فارم پر ریمپ واک کی ہے وہ مشہور زمانہ میلان فیشن ویک میں حصہ لے کر اپنے جلوے بکھیر چکی ہیں۔