
نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) پاکستان کی طرف سے ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 2 تنظیموں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) پاکستان کی طرف سے ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث 2 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے جن کی پچھلے 2 سال سے نگرانی کی جا رہی تھی۔
حکومت کی طرف سے کالعدم قرار دی گئی جماعتوں کے نام مجید بریگیڈ اور حافظ گل بہادر گروپ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کو وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد نیکٹا نے کالعدم جماعتوں کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، مجید بریگیڈ گروپ کو 18 جولائی 2024ءجبکہ حافظ گل بہادر گروپ کو 25جولائی 2024ءکو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ مجید بریگیڈ اور حافظ گل بہادر گروپ کے نام کالعدم جماعتوں کی لسٹ میں شامل ہونے کے بعد ملک میں کالعدم جماعتوں کی تعداد 81 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے چند برسوں کے دوران ملک بھر میں بالخصوص صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکتسان کی طرف سے ان حملوں کا الزام سرحد پار افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں پر عائد کرتے ہوئے متعدد بار عبوری طالبان حکومت سے اس حوالے سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے جبکہ افغانستان نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کی ایک رپورٹ کے مطابق موجودہ سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان میں خودکش حملوں ودہشت گردی کی کارروائیوں کا خطرناک رحجان جاری رہا جس میں 389 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مجموعی طور پر دہشت گردی واقعات میں 432 شہری شہید ہو گئے جن میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد 281 کے قریب ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11nctamjeebgrif.png