
پنجاب کی نگراں حکومت میں وزیر کھیل کے لیے نامزد قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئے۔
میڈیا رپپورٹس کے مطابق پنجاب میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد قومی کرکٹر وہاب ریاض کو صوبائی وزیر کھیل کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ یہ منصب سنبھالنے کے لیے وہاب ریاض بی پی ایل ادھوری چھوڑ کر بنگلہ دیش سے واپس لاہور پہنچ گئے ہیں۔
وہاب ریاض کے آج وزیر کھیل پنجاب کا حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی شریک ہوں گے۔ انہیں لاہور کے ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد نگراں وزیر کا پروٹوکول دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے اس پر مشکور ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ایک لمبا سفر ہے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا، جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو اچھے طریقے سے نبھاؤں گا۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائیگرز کی نمائندگی کر رہے تھے اور رواں سیزن میں انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں 400 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/wahan-riaz-crt-mhsan.jpg