
نگران پنجاب حکومت نے 13 افسروں کو 20 ویں گریڈ میں ترقی دیدی
سیکرٹری عملدرآمد ایوان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید، ڈی جی لائبریری محمد اظہر حیات بھی ترقی پانے والوں میں شامل: ذرائع
ذرائع کے مطابق نگران پنجاب حکومت کی طرف سے مختلف محکموں میں ذمہ داریاں سرانجام دینے والے 13 افسروں کو 20 ویں گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے اور باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ گریڈ 20 میں ترقی حاصل کرنے والے افسروں میں سیکرٹری عملدرآمد ایوان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید، ڈی جی لائبریری محمد اظہر حیات شامل ہیں۔
ممبر بورڈ آف ریونیو رافید احمد ملہی، ملک عبدالوحید، رانا شوکت علی اور سید نجف اقبال کو بھی 20 ویں گریڈ میں ترقی دی گئی ہے۔ محکمہ فوڈ سیکرٹری زمان وٹو، ڈی جی پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی طارق محمود، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز اشفاق احمد کے علاوہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب کے سیکرٹری افضل ناصر خان کو بھی 20
ویں گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، خصوصی سیکرٹری ہائوسنگ اربن طیب فرید کے علاوہ ممبر انکوائری محکمہ سروسز محمد اقبال کا نام بھی گریڈ 20 میں ترقی حاصل کرنے والے افسروں کی فہرست میں شامل ہے۔دریں اثنا سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اہم اجلاس کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جس میں گریڈ 19 اور 20 کے افسروں کی اگلے گریڈز میں ترقی کی منطوری دینے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اگلے گریڈز میں ترقی کے منتظر 195 افسران بارے اپنے اثاثے ظاہر نہ کیے جانے کا انکشاف بھی سامنا آیا ہے جبکہ مذکورہ افسروں نے اب تک اپنی پرفارمنس ایویلیوشن رپورٹ بھی جمع نہیں کروائیں۔ ایف بی آر کی طرف سے مذکورہ افسران کو 24 جولائی تک پرفارمنس ایویلیوشن رپورٹس جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔