
نورمقدم قتل کیس میں تفتیشی افسر کے عدالت میں بیان پر اسلام آباد پولیس کی وضاحت دینے پر مرکزی ملزم ظاہر جعفر نے آئی جی اسلام آباد کے خلاف عدالت میں درخواست دیدی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے عدالت میں تین مختلف درخواستیں دائر کیں جن میں سے ایک آئی جی اسلام آباد پولیس کے خلاف تھی۔
اس درخواست میں ملزم نے موقف اپنایا کہ ایک زیر التو کیس سے متعلق پولیس کا وضاحتی بیان جاری کرنے پر آئی جی اسلام آباد پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری درخواست تفتیشی افسر کے خلاف تھی جس میں موقف اپنایا گیا کہ تفتیشی افسر نے جائے وقوعہ کا نقشہ صحیح نہیں بنایا لہذا عدالت تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔
تیسری درخواست مدعی کے بیان میں ذکر کیے گئے ایک موبائل نمبر کی تحقیقات سے متعلق ہے جس میں ملزم ظاہر جعفر کے وکیل نے عدالت سے اس موبائل نمبر کی اونرشپ کی تصدیق کروانے کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں قتل ہونے والی خاتون نورمقدم قتل کیس میں گزشتہ سماعتوں کے دوران تفتیشی افسر پر جرح کی گئی تھی جس سے متعلق کچھ تفصیلات میڈیا میں رپورٹ ہوئیں۔
ان خبروں پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے وضاحتیں سامنے آئی تھیں جس میں تفتیشی افسر کے عدالتی بیان کو مزید واضح کیا گیا تھا اور میڈیا رپورٹس کے بعد عوام میں پید ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/zahir--11j1.jpg