
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نواز شریف جیل کی دیوار توڑ کر نہیں بلکہ اس وقت کی حکومت کی اجازت سے بیرون مل گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کی، اس موقع پر صحافیوں نے ان سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، انتخابات کے انعقاد اور نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق مختلف امور پر سوالات کیے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نواز شریف اس ملک کے تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں اور ایک بڑی سیاسی جماعت کےقائد ہیں، وہ جیل کی دیوار توڑ کر بیرون ملک نہیں گئےتھے بلکہ حکومت کی اجازت سے ہی گئے تھے،وہ جب بھی واپس آئیں گے تو سب کچھ آئین و قانون کے مطابق ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ نواز شریف واپس آکر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے یا حفاظتی ضمانت لے کر واپس آئیں گے میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، نواز شریف سے متعلق سوالات کا جواب نگراں حکومت نے نہیں دینا، ان سوالات کا جواب یا وہ خود دیں گے یا اس ملک کا آئینی قانونی نظام دے گا۔
انتخابات کے انعقاد سے متعلق سوال کے جواب میں نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور بااختیارادارہ ہے ، امید ہے کہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا، ہمارے اختیارات محدود ہیں، ان حدود کے اندر رہتے ہوئے نگراں حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی اور عام انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کا کام الجھنیں پیدا کرنا ہوتا ہے، تاہم حکومت کسی بھی قسم کی الجھن کا شکار نہیں ہے، انتخابات کے اعلان پر نگراں کابینہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ہم جلد آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔