
نوازشریف پاکستان آئیں گے نہیں انہیں لایا جائے گا، فیصل جاوید خان۔۔ نوازشریف چند ہفتوں میں پاکستان میں ہوں گے،جاوید لطیف
نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو "جیو پاکستان" میں تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے وطن واپس آنے پر خوشی ہو گی۔ وہ سپریم کورٹ سے سزا یافتہ ہیں، ان کے جھوٹوں کی فہرست موجود ہے۔
حکومتی سینیٹر نے کہا کہ نوازشریف نے ہمارے دھرنے پر جھوٹ بولا کہ ہم نے فوج کو ثالثی کا نہیں کہا۔ نواز شریف کا ایک اور جھوٹ کہ میری لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی پراپرٹی نہیں وہ بھی سامنے آ گیا، ان کے خلاف کرپشن کیس عدالتوں میں ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا وطن واپس آنا ضروری ہے، ان کی منزل جیل ہے، وہ خود سے نہیں آئیں گے، انہیں لایا جائے گا۔ سارا کام عمران خان نے نہیں کرنا، نواز شریف کے پاس لندن فلیٹس کے پیسے کہاں سے آئے آج بھی دکھا دیں، حکومت نواز شریف کی واپسی کے لیے جو ممکن ہوا وہ کرے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ انتخابات پتہ نہیں کب ہوں، نواز شریف ہفتوں میں واپس آ رہے ہیں، آئندہ چند ہفتوں میں وہ پاکستان میں ہوں گے۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پاکستان میں حکمرانوں کی موجودگی میں بنیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تیاری کے وقت عمران خان ہی وزیرِ اعظم تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسد عمر نے کچھ دن پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف کو بھیجنے کا فیصلہ عمران خان کا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nawazii1i1i21.jpg