
تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ اب ہو رہا ہے وہ 40 سالوں سے پیپلزپارٹی کے ساتھ ہو رہا ہے: رہنما پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے پروگرام "فیصلہ آپ کا" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنا عرصہ جو بھی اقتدار میں رہا ہے اسے اس کا حساب دینا پڑے گا۔ میاں محمد نوازشریف سینئر سیاستدان ہیں اور میری دعا ہے کہ خیریت سے اپنے ملک واپس آ کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہیں جلد پاکستان واپس آکر اپنے خلاف کیسز کا دفاع کرنا چاہیے اور قوم کو امید دینی چاہیے جسے اس وقت ایک لیڈر کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا میاں محمد نوازشریف سے ایک بڑا سوال یہ ہے کہ وہ اپنے بھائی کی حکومت میں جلاوطن کیوں رہے؟ جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ موٹروے، ڈالر، پلوں سے زیادہ نظام عدل کسی بھی ملک کیلئے سب سے اہم ہوتا ہے، پاکستان میں اتنی دفعہ اقتدار میں رہنے کے باوجود آپ اس ملک کا نظام عدل ٹھیک نہیں کر سکے
۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف بات کی ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جیلوں اور شہادتوں کی صورت میں اس کی قیمت ادا کی ہے۔ پاکستان میں ہمارے علاوہ کوئی یہ بات نہیں کرے گا کہ ثاقب نثار یا جنرل فیض حمید جیسے لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ ہماری قوم کے ساتھ افغان جہاد کے بعد کھلواڑا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی اور کی جنگ لڑی جس کا فائدہ کسے پہنچا ، کس نے جائیدادیں بنائیں، پیسے بنا کر شوگر ملیں قائم کیں، ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تو یہ دیکھنا بھی ہو گا اور سب کو اس کا پتا ہونا چاہیے۔ انتخابات کے حوالے سے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ن لیگ کیلئے جسے بیوروکریسی اور انتظامیہ سپورٹ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمیں لگا کہ ن لیگ سٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہے تو ہم ضرور بات کریں گے لیکن بیوروکریسی کو دیکھیں تو وہ ن لیگ کی مکمل حمایت کر رہی ہے کیونکہ وہ ایک لمبا عرصہ اقتدار میں رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ اب ہو رہا ہے وہ 40 سالوں سے پیپلزپارٹی کے ساتھ ہو رہا ہے، پنجاب بڑا صوبہ ہے لیکن ہم یہاں کبھی اقتدار میں نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے ساتھ وفاقی حکومت دے کر پیپلزپارٹی کے ساتھ سب سے بڑا کھلواڑ کیا گیا، بینظیر بھٹو کی شہادت کے باوجود بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان پیپلزپارٹی انتظامیہ کیلئے ویسے ہی اچھوت ہے جیسے مشرف یا ضیاء الحق کے دور میں تھے۔ محسن نقوی کے حوالے سے کہا کہ ہم ان کے قریب ہیں لیکن وہ ہمارے قریب نہیں ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nadm1h1h11.jpg