نئے بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کتنے روپے تک بڑھانے کی تیاریاں؟

petilahsaiai.jpg

نئے مالی سال کےبجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،اضافہ لیوی کی مد میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دباؤ میں حکومت نے نئے مالی سال کےبجٹ میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں اضافے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

اس حوالےسے حکومت کو پیٹرولیم لیوی 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کی تجویز ملی ہے، لیوی میں اضافےسے حکومتی آمدن میں 870 ارب روپے کے اضافے کا امکان ہے، حکومت اضافی آمد ن کو پنشن میں 30 فیصد اضافے کی مد میں استعمال کرنے پر غور کررہی ہے۔

خیال رہے کہ نئے مالی سال کےبجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20فیصد جبکہ پنشنز میں 25 سے 30 فیصد اضافے کے توقع ہے، نئے مالی سال کےبجٹ میں سرکاری ملازمین کی پنشنز کیلئے780 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

معاشی ماہرین کے مطابق یہ بجٹ پاکستان کے معاشی مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ماہرین نے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونیکو بھی تشویشناک قراردیا۔