
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی فوڈ چین کے خلاف جماعت اسلامی کی طرف سے احتجاج کرنے پر انسداد دہشت کی دفعات لگا کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی فوڈ چین کے خلاف جماعت اسلامی کی طرف سے اسرائیل مخالف احتجاج کرنے پر انسداد دہشت گردی کی دفعات لگا کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس کی طرف سے درج مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ مسلح وڈنڈا بردار اشخاص بین الاقوامی فوڈ چین کے دفتر کے باہر پہنچے۔
ایف آئی آر کے مطابق مسلح وڈنڈار بردار افراد نے احتجاج کے دوران پولیس پر حملہ کر دیا اور اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا اور مظاہرین کی طرف سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی جبکہ ایک اہلکار کی وردی بھی پھاڑ دی گئی۔ ڈنڈا بردار حملہ آوروں نے ایس پی کو زخمی کر دیا جبکہ وہاں پر فائرنگ کرنے والے مظاہرین واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سینئر صحافی شیراز احمد شیرازی نے مقدمے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا: مسلح جتھوں نے خواتین کو زدوکوب کیا جس پر کاروائی کی: اسلام آباد پولیس، ایف آئی آر میں خواتین کو زدوکوب کرنے کا ذکر ہی نہیں! شہریوں کے 15 پر کال کرنے کے ردعمل میں ایس پی سٹی خان زیب موقع پر پہنچے: پولیس کی ٹویٹ جبکہ ایف آئی آر کے مطابق وائرلیس کے ذریعے پولیس نفری وہاں پہنچی تھی!
https://twitter.com/x/status/1801943077809996268
واضح رہے کہ اسلام آباد میں فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈ کے باہر جماعت اسلامی نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا تھا جس میں مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کے بعد 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت کچھ اہلکار زخمی بھی ہو گئے تھے، اسلام آباد پولیس کے مطابق 15 پر کال میں بتایا گیا تھا کہ ہوٹل میں خواتین کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شر پسند عناصر کے حملے میں ایس پی سٹی زون خان زیب زخمی ہو گئے، منظم جتھے نے ایک ریسٹورنٹ پر خواتین کو زدوکوب کیا۔
شہریوں کے 15 پر کال کرنے کے ردعمل میں ایس پی سٹی خان زیب موقع پر پہنچے، شر پسندوں نے ایک پولیس ملازم کو بھی یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے ہسپتال میں زخمی ایس پی سٹی کی عیادت کی۔
https://twitter.com/x/status/1801666875522224194
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11jamamamtislasmkjkjsi.png