
سینئر صحافی انصار عباسی کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت میں خفیہ ایجنسیوں کے سیاسی ونگز کو بند کرنے کی بات بھی شامل تھی مگر اس پر آج تک عمل نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی انصار عباسی نے اپنے ایک کالم میں کہا ہے کہ میثاق جمہوریت میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی بات موجود ہے مگر اس میں ساتھ ہی خفیہ اداروں کے سیاسی ونگز کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ خفیہ ایجنسیوں کو منتخب حکومت کے سامنے جوابدہ بنانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
انصار عباسی نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں وعدہ کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں بالترتیب وزارت دفاع، وزیراعظم سیکرٹریٹ، کابینہ ڈویژن کے ذریعے حکومت کو جوابدہ ہوں گی، تمام ایجنسیوں کے سیاسی ونگز کو ختم کیا جائے گا ، ان اداروں میں سینئر عہدوں کی تمام تقرریاں متعلقہ وزارت کے ذریعے حکومت کی منظوری سے ہوں گی جبکہ فوجی زمین کی الاٹمنٹ اور کنٹونمنٹ وغیرہ کو بھی وزارت دفاع کےدائرہ کار میں دیدیا جائے گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میثاق جمہوریت میں آئینی مسائل کے حل کیلئے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کی بات موجود ہے، جبکہ انسداد دہشت گردی و احتساب عدالتوں سمیت تمام خصوصی عدالتوں کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میثاق جمہوریت پر 18 سال گزر جانے کے باوجود صرف جزوی طور پر عمل کیا گیا اور زیادہ تر وعدے تاحال وفا نہیں ہوسکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6nawazsharikdkfkhkhsd.png