اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ مہنگے بجلی کے منصوبوں کو ختم کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگلے 10 سال کے لیے بجلی کی نئی منصوبہ بندی منظور کر لی ہے، جس کے تحت اب بجلی خریداری کا نظام تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وزیر توانائی کے مطابق، اگر پرانی پالیسی جاری رہتی تو صارفین کو 4,743 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ اٹھانا پڑتا، لیکن نئی منصوبہ بندی سے اس قدر خطیر رقم کی بچت ممکن ہو گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سنگل بیئر ماڈل اور کاسٹ پلس ٹیرف کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جس سے بجلی کی خریداری کے نئے معاہدوں کے ذریعے 2,790 ارب روپے کی مزید بچت ہو گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں اور مہنگی بجلی کی خریداری کو روکنے کے لیے منصوبہ بندی کو صحیح اصولوں پر استوار کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق، حکومت اب بجلی نہیں خریدے گی، بلکہ نئے نظام کے تحت بجلی کی پیداوار اور تقسیم کو زیادہ موثر بنایا جائے گا