
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ن لیگ کے سامنے کڑی شرائط رکھ کر نہ صرف پی ڈی ایم کے مستقبل کو خطرے سے دوچار کردیا ہے بلکہ ن لیگ کیلئے بھی نئی پریشانی کھڑی کردی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے اپنی شرائط پیش کردیں جس پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مولانا کی کڑی شرائط پر سر پکڑ لیا اور پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کیلئے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔
نجی چینل کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے نوازشریف کو پیغام بھجوایا ہے کہ ن لیگ کو اب دوغلی پالیسی ترک کرنا ہوگی، اب آریاپار مسلم لیگ ن نہیں ہم کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو آئندہ سال مارچ کے اختتام سے قبل اسمبلیوں سے مستعفی ہونا ہوگا جبکہ ملک میں ہونے والے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کا بھی مسلم لیگ (ن) سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو حصہ نہیں لینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمن نے اپنی شرائط پر ن لیگ سے 6 دسمبر تک جواب مانگ لیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی شرائط پر پی ڈی ایم کی چھوٹی جماعتوں نے مکمل حمایت کی ہے
دوسری جانب مولانا فضل الرحمن کی کڑی شرائط پر ن لیگ کے سینئر رہنمائوں نے موقف اختیا رکیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تو ن لیگ پنجاب سے فارغ ہو جائے گی۔ پنجاب کے بلدیاتی اداروں میں تحریک انصاف کے لوگ بیٹھے ہیں اسلئے کسی صورت میدان کھلا نہیں چھوڑسکتے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم میں شامل اکثر بڑے رہنمااسمبلیوں سے باہر ہیں جن میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان، آفتاب احمد شیرپاؤ، اسفندیارولی، محمودخان اچکزئی شامل ہیں جبکہ نوازشریف اور مریم نواز بھی اسمبلیوں سے باہر ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maulanafaz--11.jpg