نئی دہلی/اسلام آباد: بھارت میں پاکستان کے معروف کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تازہ پیش رفت میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ایک "قانونی درخواست" کے تحت کیا گیا، جس کے تحت متعدد پاکستانی کرکٹرز کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک بھارتی صارفین کی رسائی محدود کر دی گئی۔ بھارتی صارفین کو ان اکاؤنٹس پر جانے کی کوشش کے دوران پیغام موصول ہو رہا ہے کہ "یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے۔"
اس سے قبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بھارت میں بلاک کیا جا چکا ہے، حالانکہ انہیں ٹوکیو اولمپکس کے فاتح نیرج چوپڑا نے رواں ماہ بنگلور میں ہونے والے جویلن ایونٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔
علاوہ ازیں، سابق کرکٹر شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز سمیت متعدد پاکستانی اسپورٹس اور نیوز چینلز کو بھی بھارت میں بند کر دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں آئی ایس پی آر کا یوٹیوب چینل اور ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھی شامل ہیں، جسے ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس بریفنگ کے بعد بلاک کیا گیا، جس میں بھارتی بیانیے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل کو بھی بھارت میں بلاک کیا جا چکا ہے، خاص طور پر اس تقریر کے بعد جو انہوں نے حال ہی میں کاکول ملٹری اکیڈمی میں کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے اظہارِ رائے کی آزادی اور کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کے عالمی اصولوں پر سوالات اٹھتے ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے ان پابندیوں کو غیر منصفانہ اور غیر ضروری قرار دیا ہے۔