ملک کو کوئی وزیراعظم نہیں، ایک اپوزیشن لیڈر ملک چلا رہا ہے : رانا ثنا اللہ

raana11211.jpg


اس وقت ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں، ایک اپوزیشن لیڈر ملک چلا رہا ہے : رانا ثنا اللہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینئر سیاستدان رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت وقت ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'ندیم ملک لائیو' میں تبصرہ کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں، حکومت وزیراعظم کے بغیر چل رہی ہے، ایک اپوزیشن لیڈر ہے جس کے ہاتھ میں حکومت کی باگ ڈور ہے، ان کی کوئی پالیسی یا ان کا عمل ایسا نہیں ہے کہ وہ اس ملک کے اعلی ترین عہدے کو سنبھالیں۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صاحب نے آج بہاولپور کا دورہ کیا وہاں عوام کے ساتھ خطاب بھی کیا تو کیا بحیثیت وزیر اعظم انہیں پتا نہیں ہونا چاہئیے تھا کہ بہاولپور کی تقریبا 70 فیصد آبادی زراعت سے منسلک ہے اور وہا ں کی عوام 2 بوری یوریا کھاد کے لئے دھکے کھارہی ہے لیکن کھاد کہِیں سے مل نہیں رہی کیونکہ کھاد تو اسمگل ہو چکی ہے۔


رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں یوریا کھاد کی مکمل پیداوار صرف تین فیکٹریاں کر رہی ہیں جو کہ سیمی گورنمنٹ ہیں، جن میں فوجی فرٹیلائزر، اینگرو فرٹیلائزر اور فاطمہ فرٹیلائزر۔ ان کے مالکان میں سے ایک تو حکومت کے اے ٹی ایم بنے ہوئے ہیں، رزاق داوٰد ان کی کابینہ میں بیٹھے ہیں، فیصل مختار اور فاروق حبیب بھی ان کے اپنے لوگ ہیں۔ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ ان کی یوریا کی تمام پیداوار نکل کر بیرون ملک اسمگل ہو جائے اور حکومت کے علم میں نہ ہو۔

https://twitter.com/x/status/1488546727640641540
ن لیگی رہنما کی بات کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ رانا ثنا اللہ غلط بیانی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 3 یوریا فرٹیلائزر پلانٹس ہیں جن میں فوجی فرٹیلائزر، اینگرو فرٹیلائزر اور فاطمہ فرٹیلائزر شامل ہیں اور ان کے مالکان کا تعلق پی ٹی آئی حکومت سے ہے جبکہ ایسا نہیں ہے ، کیونکہ میں خود کارپوریٹ لائیر رہا ہوں اور کسی نہ کسی معاملے پر ان تینوں فیکٹریوں کے مالکان نے مجھ سے کنسلٹ کیا ہوا ہے۔

سینیٹر ولید اقبال نے مزید کہا کہ اینگرو فرٹیلائزر حسین داوَد کی فیملی کی ہے، رزاق داوَد کی نہیں، فیصل اور فواد مختار کی ملکیت میں فاطمہ فرٹیلائزر ہے جبکہ آرمی ویلفئر ٹرسٹ فوجی فرٹیلائزر کو چلا رہا ہے اور ان میں سے کوئی بھی حکومت کی کابینہ میں نہیں ہے۔


رہنما ن لیگ رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا کہ یوریا کا کاروبار کرنے والوں کو لاکھ لاکھ بوریوں کے پرمٹ دیئے گئے ہیں، جبکہ فیکٹریوں سے کھاد کی بوریاں 1 ہزار 7 سو 50 روپے فی بوری خریدی ہیں اور کسانوں کو 4، 4 ہزار میں بیچ رہے ہیں، آج کسانوں کو 4، 4 ہزار میں بھی کھاد نہیں مل رہی، وزیر اعظم چاہتے تو تینوں مالکان کو سامنے بٹھا کر کہتے کہ اس معاملے پر بات کرتے تو یہ معاملہ حل ہو سکتا تھا۔
 

Back
Top