
ملک میں کورونا کی شدت میں کمی آنے لگی،پہلی بار کورونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ نو نو فیصد ریکارڈ کی گئی۔
چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے چھبیس اموات ہوئیں اور نو سو بارہ کیسز سامنے آئے،کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد اٹھائیس ہزار اٹھاون ہوگئیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 45 ہزار 619 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 97 لاکھ 82 ہزار 491 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں، 631 اسپتالوں میں 2 ہزار 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 84 ہزار 527 ہوگئی،اب تک 6 کروڑ 20 لاکھ 76 ہزار 90 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 3 کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 731 افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے مریض کافی حد تک کم ہوگئے ہیں،چوبیس گھنٹوں کے دوران تین سو ترانوے افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی اور تیرہ جان سے گئے۔

این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو معمول کےمطابق کھولنے کی اجازت دے دی ہے،وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کورونا پھیلاؤ میں کمی کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت کا فیصلہ کیا۔
گیارہ اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولے جائیں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/corona-6.jpg