
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کو کرپشن سے پاک کرنے اور پائیدار اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
یہ بات انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود حکومت اصلاحاتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے اور اداروں سے کرپشن، بدعنوانی اور شفافیت کی کمی جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے دن رات محنت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ایف بی آر میں جاری اصلاحات کی جانچ کے لیے عالمی شہرت یافتہ تھرڈ پارٹی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم جیسے اقدامات شفافیت کی سمت میں مثبت پیش رفت ہیں۔
وزیراعظم نے اس نظام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہوا بلکہ کسٹمز کلیئرنس کا عمل بھی تیز ہوا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ عام صارفین کے لیے ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن سسٹم متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جسے اردو سمیت دیگر علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب کیا جائے گا تاکہ ٹیکس نظام کو عام شہریوں کے لیے مزید قابلِ فہم اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہیں اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچنے لگے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1929483422025613720
- Featured Thumbs
- https://i.aaj.tv/primary/2025/06/02171347aba40c2.jpg