
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ دو کمپنیوں نے شدید نقصان کے پیش نظر اپنی پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق1972 سے قائم شدہ پاکستان میں اسٹیل مصنوعات تیار کر نے والی کمپنی امریلی اسٹیلز لمیٹڈ انتظامیہ نے اپنے تمام پیداواری پلانٹس بند کردیئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابوں کے باعث اسٹیل مصنوعات کی ڈیمانڈ میں کمی دیکھی جارہی ہے جس کے باعث پیداواری پلانٹس 20دن کے لئے بند کئے جارہے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1564940990993076229
کمپنی انتظامیہ کے مطابق کمپنی کے پیداواری پلانٹس 31 اگست سے 19 ستمبر تک بند رہیں گے، پلانٹس کی بندش میں مزید توسیع یا پیداواری عمل کی بحالی حالات دیکھ کر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریلی اسٹیلز لمیٹڈ نے 18اگست کو مالیاتی نتائج کا اعلان کیا تھا جس میں کمپنی نے 50کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ظاہر کیا تھا اس نقصان کی وجہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور سپر ٹیکس بتائی گئی تھی۔
امریلی اسٹیلز کا شمار سٹیل مصنوعات بنانیوالی بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے، امریلی اسٹیل کمپنی 1972میں قائم کی گئی۔2015 سے کمپنی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں لسٹڈ ہے لیکن مسلسل شئیرز کی قیمت گرنے اور طلب نہ ہونے پر پیداوار بند کردی تھی۔
علاوہ ازیں انڈس موٹر کمپنی نے بھی ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے پرزوں کی قلت اور ترسیل میں رکاوٹ کی وجہ سے پیداوار بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جس سے آٹو سیکٹر کا بحران مزید شدید ہوگیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1564627597182599169
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹویوٹا گاڑیوں کے اسمبلر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ درآمدی پابندیوں کی وجہ سے پرزوں کی قلت کے باعث اس کا پلانٹ یکم سے 16 ستمبر تک بند رہے گا۔
انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غیر پیداواری دنوں کے تناظر میں کسی کنٹریکٹ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو آف لوڈ نہیں کیا اور ہمارا مستقبل قریب میں ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم سی میں ملازمین کی مجموعی تعداد 4 ہزار سے زیادہ ہے۔
درین اثنا ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ (ایم ٹی ایل) نے بھی اسٹاک فائلنگ میں کہا کہ وہ 31 اگست سے 16 ستمبر تک اپنی پیداواری کارروائیوں کو بند رکھے گی۔
کمپنی زرائع کے مطابق ملک کے دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں اور سڑکوں کی تباہی کے باعث ٹریکٹرز کی طلب میں کمی متوقع ہے جس کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پروڈکشن نقصانات سے کمپنی کو بچاسکے۔
یادرہے کہ ملت ٹریکٹرز بھی ٹریکٹر سازی کی انڈسٹری میں بڑی کمپنی ہے جو اسٹاک ایکس چینج میں لسٹیڈ ہے۔ملت ٹریکٹرز کی جانب سے پروڈکشن بند ہونے کے بعد کمپنی کے شیئرز کے فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے سبب کمپنی کے شیئرز کی قیمت 851.37روپے سے کم ہوکر 834.16روپے کی سطح پر آگیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹویوٹا اور سوزوکی بھی اپنی پروٖکشن بند کرنے کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگا ہونے کے سبب گزشتہ چند ہفتوں میں کئی اسٹارٹ اپس بھی اپنے آپریشن بند کرچکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/millat-amer1li.jpg