
پاکستان کے معروف بزنس ٹائیکون میاں محمد منشا نے تحریک انصاف حکومت کو بھارت کے ساتھ تعلقات درست کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقل دشمنی کبھی نہیں ہوتی ، ہمیں بھی بھارت سے تعلقات درست کرکے باہمی تجارت پر کام کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں صنعت کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کاروباری شخصیت میاں محمد منشا کا کہنا تھاکہ مستقل دشمنی کبھی نہیں ہوتی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 2 بڑی جنگیں لڑی گئیں اور بالآخر امن قائم ہوا، معاشی بحالی کے لئے بلیم گیم چھوڑ کر یک نکاتی سوچ اپنانی ہوگی، معیشت بحال نہ ہوئی تو خدانخواستہ ایک اور بنگلہ دیش بن جائے گا۔
میاں محمد منشا نے یہ بھی کہا ہمیں بھارت سے تعلقات بہتر کرکے باہمی تجارت کی بحالی پرکام کرنا چاہیے، پاکستان اور بھارت کو غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
معروف کاروباری شخصیت نے انکشاف کیا کہ بھارت سے پس پردہ بات چیت جاری ہے، معاملات ٹھیک ہوجانے کی صورت میں بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کو پاکستان کا دورہ کرنے میں ایک مہینہ نہیں لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، ریلوے ، ائیر پورٹس کی نجکاری سے ان ادروں کی کارکردگی بہتر ہوجائے گی۔
میاں محمد منشا نے مزید کہا کہ کرپٹ کرپٹ کی گردان چھوڑ کر ملک کو بچانا ہوگا، قومی احتساب بیورو (نیب) روز کسی نہ کسی کی پگڑی اچھال رہا ہوتا ہے، معیشت کی ترقی کیلئے نیب کو بند کردینا چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8mianmanshanab.jpg