
لاہور کی تاریخی مسجد میں گانےکی ویڈیو شوٹنگ کرنے سے متعلق کیس میں عدالت نے مشہور اداکارہ صباقمر و گلوکار بلال سعید کو بری کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد مشتاق کی عدالت میں صباقمر اور بلال سعید کی کیس سے بریت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے بعد عدالت نے دونوں درخواست گزاروں کو کیس سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 8 ستمبر 2021 کو اس کیس کی سماعت کے دوران عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر صباقمر اور بلال سعید کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے جس کے بعد دونوں فنکاروں کی جانب سے کیس میں بریت کی درخواست دائر کی گئی تاہم یہ درخواستیں خارج ہوگئیں۔
بعد ازاں 30 مارچ 2022 کو دونوں نے درخواستیں خارج ہونے کے فیصلے کو چیلنج کردیا اور موقف اپنایا کہ محکمہ اوقاف کی رپورٹ میں ہمارے موقف کی تائید کی گئی ہے، شوٹنگ کی ویڈیو کو ایڈٹ کرکے اور میوزک لگا کر سوشل میڈیا پر ڈالا گیا۔
یادرہے کہ لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں گانے کی ویڈیو شوٹنگ کے دوران صبا قمر اور بلال سعید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد یہ تنازعہ کھڑا ہوا، دونوں فنکاروں کو عوام کی جانب سے شدید تنقید اور سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد دونوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5bilalsaeedsabaqamr.jpg