
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کے ایئرپورٹس پر آنے والے مسافروں کے لیے ایک سے زیادہ موبائل فون لانے کی پابندی کی تجویز کو واپس لیتے ہوئے اس پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
ایف بی آر نے مسافروں کے سامان سے متعلق مجوزہ ترامیم سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کسٹم کے بیگیج رولز 2006 میں متعارف کرائی گئی پابندیوں کی تجویز کو ختم کرنے کا حکم دیا۔
اب موجودہ رولز کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو موبائل فون لانے کی اجازت برقرار رہے گی۔ ساتھ ہی، چیئرمین ایف بی آر نے 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی کمرشل اشیا پر پابندی کی تجویز بھی واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
ایف بی آر نے گزشتہ ہفتے بیگیج رولز 2006 میں ترمیم کا مسودہ جاری کیا تھا جس میں اسٹیک ہولڈرز سے 7 دن کے اندر رائے طلب کی گئی تھی۔ اس مسودے میں 'کمرشل مقدار' کی تعریف میں تبدیلی کی تجویز دی گئی تھی، جس کے تحت 1200 ڈالر کی مالیت کی اشیاء کو 'کمرشل مقدار' سمجھا جاتا اور ضبط کیا جاتا۔
اسی طرح، ایک سابقہ تجویز میں یہ کہا گیا تھا کہ مسافروں کو صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہو گی، اور دیگر موبائل فونز کو ضبط کرنے کی بات کی گئی تھی۔
اب، چیئرمین ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ اس مسئلے پر دوبارہ مشاورت کی جائے گی اور ترامیم واپس لے کر انہیں دوبارہ پیش کیا جائے گا، تاکہ اس سلسلے میں بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/niuV1516Nv.jpg