
مری آفت زدہ، ،پاک فوج کی امدادی کارروائیاں،جاں بحق 21افراد کے نام سامنے آگئے
مری اس وقت آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے، جہاں ملکہ کوہسار سے مدد کی پکار آرہی ہے، گزشتہ رات کی برف باری کے باعث اکیس افراد اپنی گاڑیوں میں جان سے گئے، ان تمام افراد کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق برف باری میں پھنسنے والی گاڑی میں جاں بحق ہونے والوں میں اسلام آباد کے اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے بھی شامل ہیں،شدید ٹھنڈ سے 46 سالہ محمد شہزاد ولد اسماعیل، ان کی 35 سالہ اہلیہ اور 2 بچے بھی جان سے گئے۔
ریسکیو حکام کی جاری فہرست کے مطابق گوجرانوالہ کے 31 سالہ اشفاق ولد یونس اور لاہور کے 31 سالہ معروف ولد اشرف، 21 سالہ محمد بلال ولد غفار، 24 سالہ محمد بلال حسین ولد سید غوث بھی شدید سردی سے انتقال کرگئے، جبکہ ایک شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔
مری میں پھنسی گاڑیوں کو اور متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لئے پاک فوج میدان میں ہے، پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مری میں فوجی دستے سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف عمل ہیں، آرمی انجینئرز کے دستوں نے جھیکا گلی،گھڑیال روڈ کو کھول دیا، جبکہ دیگر کو بھی کھولنے کا کام جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مری ڈویژن کے دستےٹریفک میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں،مرکزی شاہراہوں کو کھولنے کیلئے آرمی انجینئرز پہنچ گئے ہیں، انجینئرز دستے کے تمام باؤزر اور مشینری روڈ کھولنے میں مصروف ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹریفک میں پھنسے لوگوں کو کھانا پانی چائے اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جارہا ہے، برف میں پھنسے لوگوں کو محفوظ شیلٹر بھی فراہم کیا گیا،ایف ڈبلیو او کی جوان مشینری کے ہمراہ روڈ کھولنے میں مصروف ہیں۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کے مطابق امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کی 5 پیدل پلاٹون، ایف سی اور رینجرز بھی حصہ لے رہیں،دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ صورتحال میں مسلسل بہتری آرہی ہے،مری ایکسپریس وے کو کلیئر کردیا گیا،سیکڑوں گاڑیوں کو مری سےواپس کردیا،بجلی کی ترسیل میں خرابی کو ٹھیک کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت موسمی حالات اور بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد پر بالائی علاقوں کی سیر کا پلان مؤخر کردیں، مقامی انتظامیہ کیلئے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو سہولیات پہنچانا ناممکن بن گیا ہے، جو لوگ ابھی گھروں میں ہیں، جو کچھ روز کیلئے بالائی علاقوں کا رخ نہ کریں۔
مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے لیے آج رات شدید موسمی صورتِ حال کا انتباہ جاری کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے مری اور گرد و نواح میں بارش، برف باری اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے، 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان آ سکتا ہے، جس کے دوران شدید برف باری کا امکان ہے۔
میٹ آفس کے مطابق مری میں 3 جنوری سے اب تک 32 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، جب کہ 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ برفباری کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹے مزید جاری رہے گا، مری میں شدید برفانی طوفان اور 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی افراد رات گھروں سے نہ نکلیں،ایمبولینس سروسز، سیکیورٹی گاڑیوں اور فائر فائٹرز کو الرٹ رہنے کا کہا گیا،برف باری ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد نے گزشتہ روز مری کا رخ کیا تھا، برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/muree-afrad.jpg
Last edited by a moderator: