مریم کے استقبال کی ایسے تیاریاں ہورہی ہیں جیسے ورلڈ کپ جیت کرآرہی ہیں،ایثار

isar-rana1h1h1.jpg


سینئر صحافی و تجزیہ کار ایثار رانا کا کہنا تھا کہ مریم نواز ایک سرجری کے بعد پاکستان واپس آر ہی ہیں ، مگر ان کے استقبال کی تیاریوں سے لگ رہا ہے جیسے وہ کوئی ورلڈ کپ جیت کرآرہی ہیں۔

سماء ٹی وی کے پروگرام سٹریٹ ٹالک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایثا رانا نے کہا کہ مریم جوسرجری کروانے بیرون ملک گئیں وہ سرجری یہاں بھی ہوسکتی تھی، ہمارا المیہ یہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو ہرنیا کا آپریشن کروانے کیلئے بھی امریکہ جانا پڑتا ہے، مریم نواز بھی معمولی سی سرجری کروانے باہر جاتی ہیں اور پیچھے رہ جاتی ہے پیناڈول کی ایک گولی کیلئے خوار ہوتی قوم۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب میڈیا مریم نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوگا اور شیر کے نعرے لگیں گے اور مریم نوا زشریف ایک لیڈر و فاتح کے طور پر سامنے آئیں گی، تاہم بینظیر بھٹو اور مریم نواز شریف میں بہت فرق ہے، بینظیر بھٹو جب کسی "انکل" سے بات کرتی تھیں تو وہ ثابت کرتی تھیں کہ ان کی معلومات اور اس موضوع پر گرپ ان انکل سے بہت آگے ہے اسی لیے پھر وہ انکل بینظیر سے متاثر ہوتے تھے۔

ایثار رانا نے کہا کہ مریم نواز شریف کو اس مقام پر پہنچنے کیلئے بہت سفر کرنا ہے ، ایک طویل سفر کےبعد ہوسکتا ہے کہ وہ اس مقام تک یا اس کے آس پاس پہنچ سکیں، ابھی تک مریم نوازشریف نے کوئی بہت بڑا سیاسی کارنامہ سرانجام نہیں دیا ہے، شریف خاندان میں اس وقت اختلافات شدید ہوچکے ہیں ، حمزہ شہباز شریف ناراض ہوکر باہر بیٹھے ہیں اسی لیے سلیمان شہباز کو آگے کیا گیا ہے۔