
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی طرف سے 5 ماہ پہلے کی گئی تنظیم سازی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے : ذرائع
ذرائع کے مطابق لندن میں سابق وزیراعظم وقائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے مشاورت اجلاس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نوازشریف پارٹی عہدوں میں تبدیلی کا فیصلہ کریں گی جس کے لیے پارٹی کی تنظیم سازی کا ازسرنو جائزہ لینے کا مکمل طور پر اختیار انہیں دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی طرف سے 5 ماہ پہلے کی گئی تنظیم سازی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مریم نوازشریف تنظیم سازی کے معاملے میں مکمل بااختیار ہوں گی اگر کسی کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہوئی تو وہ پارٹی کے عہدوں میں تبدیلی کر سکتی ہیں۔
میاں محمد نوازشریف کا اجلاس میں کہنا تھا کہ پارٹی صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات ہونے کا نہ ہونے کے خیالات سے باہر نکلیں اور انتخابات ہوں یا نہ ہوں اپنی بھرپور تیاریاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے اجلاس کے دوران عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے 4 سال میں پاکستان کو بدحال کر دیا تھا، پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنا ہماری ذمہ داری ہیں جو ہم بھرپور طریقے سے ادا کرینگے۔
دریں اثنا نوازفیملی کے ذرائع نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مریم نوازشریف 27 جنوری کو لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نوازشریف کے ساتھ خاندان کے چند افراد اور کارکن بھی پاکستان آر ہے ہیں جہاں پہنچ کر وہ ملکی سیاست میں بھرپور حصہ لیں گی۔ نوازشریف کی طرف سے مریم نوازشریف کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maryam-nawaz-pmln-re-asb.jpg