
لاہور میں نوکری کا جھانسہ د ے کر لڑکے کے اغوا اور بعد میں گردہ نکال کر فروخت کرنے کے افسوسناک واقعہ کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کے رہائشی عبداللہ کو نوکری کا جھانسہ دے کراغواکرکے راولپنڈی لے جایا گیا جہاں اسے مسلسل17 دن تک دوائیوں کے زیر اثر رکھا گیا، اسی دوران ملزمان نے عبداللہ کا ایک گردہ نکال لیا۔
لڑکےکے لاپتہ ہونے پر اہلخانہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی پولیس نے جب لڑکےکی لوکیشن ٹریس کرنےکی کوشش کی تو پتا چلا عبداللہ راولپنڈی میں ہے، پولیس نے آپریشن کرکے لڑکے کو بازیاب کروایا اور گردہ فروش گروہ و اغوا کاروں کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق لڑکےکو ورثاءکے حوالےکردیا گیا اور اس کا علاج معالجہ بھی شروع کروادیا گیا ہے،اغواکاروں و گردہ فروش گروہ کے مرکزی کرداروں اور ڈاکٹرز کی تلاش کیلئے تفتیش جاری ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ لڑکے عبداللہ کا کہنا تھا کہ ملزمان مجھے سرکاری نوکری کا خواب دکھا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے پھر مجھے بے ہوش کردیا گیا، مجھے علم نہیں تھا کہ میرا گردہ نکالا گیا ہے ، مجھے یہ ہوش میں آنے کے بعد علم ہوا، اب مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، میں کرسی پر بھی بیٹھ نہیں سکتا کیونکہ مجھے بہت زیادہ درد محسوس ہوتا ہے، ڈاکٹرز ایک انجکشن لگادیتے ہیں تو تھوڑا سکون مل جاتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/gurdh11.jpg