
ملک بھر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کے ساتھ ساتھ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی ایسے واقعات سامنے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں اور پولیس بے بس نظر آتی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک بار پھر سے اغواکار متحرک ہو گئے ہیں اور لاہور کے نواحی علاقے باغبانپورہ کی حدود میں دن دیہاڑے نامعلوم مسلح افراد نے سرعام گن پوائنٹ پر 2 نوجوانوں کو اغوا کر لیا اور ساتھ لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماجد لیاقت اور عرفان اشرف نامی شہریوں کو ایک نجی بیکری کے سامنے سے 4 نامعلوم موٹرسائیکل اغواکاروں نے اسلحہ دکھا کر اغوا کر لیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں اور ماجد لیاقت اور عرفان اشرف جو نجی بیکری کے سامنے موجود تھے انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔
پولیس نے نامعلوم مسلح افراد کے خلاف شہریوں کے اغوا کی ایف آئی آر درج کر لی ہے تاہم واقعے کو 2 دن گزر جانے کے باوجود پولیس اب تک ان نوجوانوں کو بازیاب کروانے میں کامیاب نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔ پولیس نے شہریوں کے مختلف علاقوں میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہریوں نے پولیس کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے احتجاج کیا اور کہا کہ ایسے واقعات سے پولیس کی نااہلی ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کی امن وامان کی صورتحال پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مغوی نوجوانوں کو جلد بازیاب کروا لیا جائیگا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور عوام سے اپیل ہے اگر اس بارے کوئی معلومات ہوں تو مطلع کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینے بھی باغبانپورہ کے علاقے سے ایک 14 سالہ بچے کو تاوان کی غرض سے اغوا کر لیا گیا تھا تاہم انویسٹی گیشن پولیس باغبانپورہ نے ایس ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود چودھری کے نوٹس پر بچہ فیصل آباد سے بازیاب کروا لیا تھا۔ خضرشہزاد نامی مغوی کے اغوا کا مقدمہ باغبانپورہ تھانے میں درج کیا گیا تھا تاہم بچے کی بازیابی کے بعد اس کے والدین نے ڈاکٹر انوش مسعود چودھری کے دفتر میں انہیں پھول پیش کر کے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12lahoreekindnmadjd.png