
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف آوازیں کسنا قابل مذمت ہے، ہمیں قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں!
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کے خلاف پاکستانی شائقین کے ردعمل کے حوالے سے فاسٹ بائولر حسن علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف آوازیں کسنا قابل مذمت ہے۔
https://twitter.com/x/status/1576947281588551681
ہمیں قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ یہ مت بھولیں کہ ہم ایک ہی ملک سے تعلق رکھتے ہیں، ہمیں اپنے تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے لکھا کہ ہم سب پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں، اپنے شائقین کے لیے کھیلتے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف یہ رویہ قابل مذمت ہے ! ہمیں یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں!
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں آئوٹ ہونے پر پاکستانی شائقین کی طرف سے نعرے بازی پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ: میری کرکٹ شائقین سے درخواست ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر آوازیں نہ کسیں، آوازیں کسنے سے کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے، ہمیں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے!
https://twitter.com/x/status/1576643134733578240
یاد رہے کہ 7 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں خراب کارکردگی پر قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کے آئوٹ پر کرکٹ گرائونڈ میں موجود پاکستانی شائقین نے ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے پرچی، پرچی کے نعرے لگائے تھے جس کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تھی ۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ہوم 7میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 4،3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔