
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں، ن لیگ سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات کی اگلی نسل میدان میں اترنے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار اور ن لیگی رہنما حنیف عباسی نے اپنے اپنے بیٹوں کو ضمنی انتخابات میں اتار دیا ہے۔

چوہدری نثار کے صاحبزادے تیمور علی خان نے این اے59 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ حنیف عباسی کے بیٹےحماس حنیف نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کے خلاف این اے 62 اور این اے 60 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 62 اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے این اے 60 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
پاکستان تحریک انصاف کےسیکرٹری جنرل اسد عمر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے54 اسلام آباد ، حماد اظہر نے این اے162 سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے این اے57 مری سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔