
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں وہ بھی صرف اے پلس کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو۔
مشہور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر اپنے آفیشل چینل پر جاری کردہ ایک ویڈیو لاگ میں سلمان بٹ نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے گزشتہ دنوں کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیے گئے ڈومیسٹک کرکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق دعویٰ پر ردعمل دیا۔
سلمان بٹ نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ کم کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو تو چھوڑیں یہاں اے پلس کیٹگری کے کھلاڑیوں کو ماہانہ ڈھائی لاکھ روپے ملتے ہیں جو سال کے 30 لاکھ روپے بنتے ہیں، باقی تمام کھلاڑی اس سے کم تنخواہ میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پلس کیٹیگری کا کھلاڑی پورے سال میں تینوں فارمیٹس کے 30 میچز کھیلے، سیمی فائنل اور فائنل میں شرکت کرے تو یہ ٹوٹل 33 یا 34 میچز بنتے ہیں، ان تمام میچز کی مجموعی میچ فیس بھی جمع کی جائے تو 60 لاکھ روپے نہیں بنتے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ یہ الگ بات ہے کہ اے پلس کیٹیگری کے تمام کھلاڑی تینوں فارمیٹس نہیں کھیلتے اور سیمی فائنل یا فائنل تک پہنچنا بھی ایک غیر یقینی پہلو ہوتا ہے۔
سلمان بٹ نے رمیز راجہ کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کسی شعبے کا سربراہ بنے تو کیا باقی لوگوں پر لازم ہے کہ وہ اس کے جنون کے مطابق چلیں، کیا سربراہ کو ایسی پالیسیاں نہیں بنانی چاہیے جو ان کے عہدے پر رہنے کے بعد بھی موثر ثابت ہوں، بورڈ کا کھلاڑیوں کی آمدن سے متعلق دعویٰ ایک جھانسا ہے جیسے کاروباری لوگ قیمتوں میں کمی کے نام پر عوام کو دیتے ہیں۔
یادرہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے گزشتہ دنوں کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کی تنخواہیں بڑھائی جارہی ہیں،اب ایک ڈومیسٹک کرکٹر 50 سے 60 لاکھ روپے سالانہ کمارہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ramizj1j1.jpg