
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح شہزادی کے اثاثوں میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں کتنا اضافہ ہوا ؟ اس حوالے سےا ہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرح خان کے لیگل ٹیکس ایڈوائزر نے انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں ان کی موکل کے اثاثوں میں صرف 5 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔
فرح خان کے ٹیکس ایڈوائزر بہول رسول نے یہ انکشاف ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور بتایا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں فرح خان کے اثاثوں کی مالیت 70 کروڑ روپے تھی جو تحریک انصاف دور میں بڑھ ک 75 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2019 کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں اثاثے ڈکلیئر کیے گئے تھے،2013 سے 2018 تک جو پیسہ ظاہر نہیں کیا گیا وہ2019 میں ڈکلیئر کیا جاسکتا ہے، انہوں نے 2018 سے قبل اثاثے بنائے تب عمران خان کی حکومت نہیں تھی۔
ٹیکس ایڈوائزر نے کہا کہ ہمیں کسی بھی ادارے کا نوٹس آیا تو ہم اس کا جواب ضرور دیں گے، فرح کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں، ایف بی آر کے پاس ان کی لاہور میں بزنس کا تمام ریکارڈ موجود ہے،ہاں اگر ایف بی آر کا ریکارڈ تبدیل کردیا جائے تو وہ ایک الگ بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انتظار کررہے ہیں کہ ہمیں کسی ادارے کی طرف سے نوٹس بھیجا جائے گا مگر ان کے ریکارڈ میں کچھ ہوگا تو ہی ایف بی آر کوئی نوٹس بھیج سکتا ہے نا، میں فرح خان کا ترجمان نہیں ہوں مگر ان کے ٹیکس سے متعلق معاملات پر جوابدہ ہوں، فرح خان نے شاہد خاقان عباسی کےد ور میں اپنے اثاثے ظاہر کیے، ان کے اثاثوں کا عمران خان کی حکومت میں آنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔