
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعظم خان کے فلسطین سے اظہار یکجہتی پر عائد جرمانہ شدید تنقید کے بعد واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر اعظم خان نے قومی ٹی 20 کپ کے ایک میچ میں اپنے بیٹ پر فلسطین کا پرچم چسپاں کیا تھا ، پی سی بی نے اس حرکت کو پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئےاعظم خان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔
پی سی بی کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بورڈ نے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اور جرمانہ واپس لے لیا۔
ترجمان پی سی بی نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان پر جرمانہ غیر منظور شدہ لوگو بیٹ پر استعمال کرنے کی وجہ سے عائد کیا گیا تھا، میچ ریفری نے اعظم خان کو اس لوگو کو استعمال کرنے سے منع بھی کیا تھا مگر انہوں نے میچ ریفری کی بات نہیں مانی اور موقف اپنایا کہ ان کے تمام بیٹس پر یہی اسٹیکر لگا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے بھی ایک میچ میں فتح اور اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ مظلوم فلسطینیوں کےنام کیا تھا جس پر انہیں متعصب بھارتیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔