
سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی منافقت نئی آڈیو لیک نے بے نقاب کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک عمران کی نئی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیرعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران نیازی کی منافقت نئی آڈیو لیک نے بے نقاب کر دی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ شخص جو عوام کو اخلاقیات کا درس دیتے نہیں تھکتا وہ خود ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہے، ان کی فطرت آئے روز بے نقاب ہو رہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران نیازی کے ریاست مخالف اقدامات اسے کسی بھی اعلیٰ عہدے کیلئے نااہل ثابت کرتے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1578365760225042433
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا کہ عمران خان کی نئی آڈیو لیک ایک اور تھپڑ ہے،بس محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا وطیرہ یہی ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے،جس دن عمران خان گرفتار ہوگا اس دن انصاف ہو گا۔ ہارس ٹریڈنگ کیخلاف باتیں کرنے والے عمران خان کی اپنی آڈیو بھی سامنے آچکی ہیں، اس نے ایسا کھیل کھیلا کہ معاشرے کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ عمران خان کو ملک سے کوئی سروکار نہیں صرف انا عزیز ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ: ایسا مت سوچیں کہ سب ختم ہو گیا، میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں جو میں پبلک نہیں کر سکتا، لیک آڈیو میں عمران خان یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ 5 تو میں خرید رہا ہوں، یہ میسج دینا ہےکہ وہ جو پانچ ہیں نام وہ بڑے اہم ہیں! جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیرصدارت آڈیو لیک معاملے پر اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا جس میں آئی بی اور آئی ایس آئی کے نمائندے بھی شریک ہونگے۔