عمران خان کی تقریر کے بعد پرویزالٰہی نے صحافیوں سے کیاکہا؟

ikhhsaa.jpg

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کام ابھی شروع ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کیا ہے، عمران خان کی جانب سے اس اعلان کے موقع پر وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان موجود تھے، ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرتے ہوئے ہم قومی اسمبلی کے اسپیکر کےسامنے کھڑے ہوکر اپنے ارکان کے استعفے منظور کرنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔

عمران خان کے ویڈیو لنک خطاب کے بعد زمان پارک سےلوٹتےہوئے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کی اور کہا کہ میں شروع سےہی عمران خان کے فیصلےسے مطمئن تھا، میری پرانی سپورٹ عمران خان کے ساتھ ہے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے پرویزالٰہی سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اگلے انتخابات کیلئے کیا سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے ؟

چوہدری پرویز الہیٰ نے جواب دیا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر تو ابھی کام شروع ہوا ہے، ابھی بات آگے چلےگی تو کچھ پتا چلے گا۔
 

Back
Top