
رجسٹرار ہائیکورٹ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی ہدایت پر سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کے تبادلے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرار ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیشن ویسٹ اور ایسٹ کے 8 ایڈیشنل سیشن ججز کا تبادلہ کیا گیا ہے جن میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال بھی شامل ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1648673375609290755
ذرائع کے مطابق ایڈیشل سیشن جج ظفر اقبال کا تبادلہ سیشن ایسٹ سے ویسٹ میں کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ پر ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو تعینات کیا گیا ہے۔ ظفر اقبال کے علاوہ سیشن ویسٹ میں 4 دیگر ججز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ چند دن پہلے ہی الیکشن کمیشن کی طرف سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے مسترد کی تھی۔
ایڈیشنل سیشن ججز سید فیضان حیدر، فرخ فرید اور عابدہ سجاد کا تبادلہ ویسٹ سے ایسٹ اور ایڈیشنل سیشن ججز محمد سہیل، اویس محمد خان اور عبدالغفور کاکڑ کا تبادلہ ایسٹ سے ویسٹ میں کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور سے اینٹ ریپ کورٹ اور جی بی وی کا چارج واپس لیا گیا ہے۔
دریں اثنا توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم عمران خان کی پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر حتمی دلائل کیلئے 5مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے عمران خان نااہلی کے فیصلے کیخلاف اور پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imran-khan-judge-pak.jpg