
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو رہائی مل سکتی ہے مگر ان کی نااہلی برقرار رہے گی، ان کی کسی اور کیس میں گرفتاری بھی ہوسکتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے ہم نیوز کے پروگرام'ہم دیکھیں گے منصور کے ساتھ' میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو حکومت یا اسلام آباد پولیس نے گرفتار نہیں کیا، انہیں عدالتی حکم پر گرفتار کیا گیا، عمران خان کو رہائی مل گئی تو کسی اور کیس میں دوبارہ گرفتاری ہوسکتی ہے، ان کے خلاف نیب میں توشہ خانہ کیس چل رہا ہے ، القادر ٹرسٹ کیس بھی موجود ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جیل کے جس ماحول کا عمران خان ذکر کررہے ہیں کہ وہاں مکھیاں ہیں، کیڑے مکوڑے اور کھلا واش روم ہے تو جیلوں میں ایسا ہی ہوتا ہے، ہم بھی ایسی ہی جگہوں پر رہے ہیں، میری دفعہ میں بھی بالکل ایسی ہی صورتحال تھی اسی لیے میں نے عمران خان کی بات کو رد نہیں کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں تجربے کی بات بتارہا ہوں دو ،چار دن کے بعد فرش پر بڑی سکون کی نیند آتی ہے ، بیڈ کی کمی بھی محسوس نہیں ہوتی، جہاں تک فرش پر موجود کیڑے مکوڑوں کا تعلق ہے تو اس کیلئے کانوں میں روئی رکھ لی جائے کیونکہ کیڑے اگر کان میں گھس جائیں تو پریشانی بنتی ہے، ہوسکے تو روئی ناک میں بھی رکھ لیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے گھر میں ایک بلٹ پروف کمرہ تیار کیا ہوا تھا، اس کمرے کا دروازہ نہیں کھولا گیا تو کٹر سے اس کا لاک کھولا گیا، کمرے میں 2 بکسے موجود تھے ، عمران خان نے کہا کہ ان کو ہاتھ نہیں لگانا ، تاہم پولیس نے چیکنگ کا کہا تو انہوں نے اجازت دیدی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس ٹیم یہ سمجھی کہ اس میں قرآنی نسخے ہوں گے تاہم اس باکس میں تعویذ موجود تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imhahaahshaa.jpg