
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کسی پارٹی رکن قومی اسمبلی کو قائد حزب اختلاف نامزد نہ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ ان کی جماعت کے کسی رکن اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر یا کسی کمیٹی کا رکن نامزد نہ کیا جائے۔
رہنما تحریک انصاف بابراعوان نے عمران خان کی جانب سے یہ خط الیکشن کمیشن میں جمع کروایا، خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی فورم پر پی ٹی آئی کا نام استعمال کرنے پر پارٹی سخت ایکشن لے گی ۔
خط میں عمران خان نے موقف اپنایا ہے کہ2018 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور صوبوں میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے اور اسی تناسب سے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر لوگوں کو نامزد بھی کیا، تاہم پی ٹی آئی 11 اپریل کو قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے مستعفیٰ ہوچکی ہے۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ پارٹی کے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت کاروائی کیلئے ریفرنسز بھی دائر کیے جاچکے ہیں، پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر نامزد تمام ارکان کے نام واپس لیتا ہوں، آئندہ ان ارکان کے کسی عمل کی ذمہ دار پارٹی نہیں ہوگی۔
خط الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف بابراعوان نے کہا کہ ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ ہمارے ہی کسی منحرف رکن کو قوم اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تعینات کیا جارہا ہےاسی لیے الیکشن ایکٹ کی پانچ شقوں کے تحت الیکشن کمیشن میں درخواست دی گئی ہے تاکہ کوئی بھگوڑا تحریک انصاف کا نام استعمال نہ کرسکے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/elc-pti-khan.jpg