
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد انگلنڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان پر تشویش کا اظہار کیا تھا، اب انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ بڑا دھچکا تھا لیکن آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دورہ پاکستان کے حوالے سے انگلش اسکواڈ سیکیورٹی سربراہ ریگ ڈکاسن کے مشورے پر مکمل عمل کریں گے۔
روئٹرز کے مطابق بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم کی سیکیورٹی کے سربراہ کریں گے،گزشتہ ہفتے پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ بہت بڑا دھچکا تھا لیکن سیکیورٹی کے سربراہ ریگ ڈیکیسن وہاں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ڈیکیسن سیکیورٹی جانچنے کے لیے سب سے بہترین فرد ہیں، اب وہ جو بھی مشورہ دیں گے تو کھلاڑی اور اس دورے پر جانے والے افراد ان کی بات پر 100فیصد اعتماد کریں گے کیونکہ وہ ایسے فرد ہیں جن پر آپ اپنی جان کے حوالے سے بھروسہ کر سکتے ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کا آئندہ ماہ دسمبر میں دورہ پاکستان شیڈول ہے،اس دوران انگلش ٹیم راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں ایک، ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی، لیکن عمران خان پر حملے کے بعد انگلش فاسٹ باؤلر نے اسکواڈ کی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا،گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر اپنا دورہ پاکستان موخر کردیا تھا۔