
عمران خان پر گزشتہ روز ہونے والے حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس شوکت خانم اسپتال میں طلب کر لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا اہم مشاورتی اجلاس آج ہی شوکت خانم اسپتال میں ہو گا جس کی صدارت پارٹی چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔
پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عمران خان اور فیصل جاوید لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیرآباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں عمران خان، فیصل جاوید اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔
عمران خان کو گزشتہ روز جب میڈیکولیگل کیلئے جناح اسپتال لیجایا گیا تو ڈاکٹروں نے دیکھا کہ ان کی دونوں ٹانگوں پر ایک ایک گولی لگی ہے۔ جناح اسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ ڈاکٹرسجاد گورایہ کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان کامیڈیکولیگل کیا۔
جناح اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ جب عمران خان کو شوکت خانم اسپتال لایا گیا تو وہ بے ہوش تھے، ان کی دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی، دائیں ٹانگ پر گولی چھو کر گزری، جبکہ دوسری گولی نے بائیں ٹانگ کی ہڈی کو متاثر کیا۔
جناح اسپتال کی جانب سے جاری میڈیکولیگل کے مطابق عمران خان کی دونوں ٹانگوں پرزخموں کے 16نشانات پائے گئے۔
جبکہ تحریک انصاف نے گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف آج ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔
اُدھر پنجاب پولیس کی جانب سے حملہ آور سے تفتیش کا سلسلہ بھی جاری ہے اور پولیس نے گرفتار ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shukat-khanam-hs-meet.jpg