
عمران خان کے دور میں قائم کردہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے (اےآر یو) نے تین سال کے دوران ریکارڈ ریکوریز کیں، شہباز شریف حکومت نے اعتراف کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی حکومت آنے کے ایک ماہ بعد کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے مئی 2022 میں تیار کردہ سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیرون ممالک سے لوٹی گئی رقم واپس پاکستان لانے کے لیے قائم کیے گئے اثاثوں کی ریکوری یونٹ (اے آر یو) نے گزشتہ تین سالوں میں 426.4 ارب روپے کی وصولی میں مدد کی۔
کیبنٹ ڈویژن کے مطابق کل رقم میں سے صرف گزشتہ مالی سال میں 334 ارب روپے سے زائد کی وصولی ہوئی، یہ تاریخی طور پر ایک ریکارڈ ہے کیونکہ نیب نے گزشتہ تین سالوں کے دوران 389اعشاریہ 5 بلین روپے ریکور کیے جبکہ سال 2000ء سے 2017 کے 17 سال کے دوران صرف 295 اعشاریہ6 بلین مالیت کی لوٹی ہوئی دولت ریکور کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اے آر یو کا قیام ستمبر 2018 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) اور صوبائی انسداد بدعنوانی اداروں (ACEs) جیسے تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کے لیے کیا گیا تھا تاکہ نئے کیسز اور غیر قانونی طور پر حاصل کیے گئے آف شور اثاثوں کی حتمی وطن واپسی کو نشانہ بنانے والے تمام موجودہ کیسز کا سراغ لگایا جاسکے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imran-khan-recovery-dlr.jpg