راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے میڈیا اور خواتین کے حوالے سے علی امین گنڈاپور کے نازیبا بیان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ان کے بیان کی حمایت کرنے پر تحریک انصاف کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علی امین کو اپنے نازیبا بیان پر معافی مانگنی چاہیے اور عمران خان کو اپنے بیان کی وضاحت کرنی چاہیے ورنہ علی امین کا بیان تحریک انصاف کا آفیشل بیان سمجھا جائیگا۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی کال پر پارلیمنٹری رپورٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے پارلیمنٹ ہائوس دفتر میں نیشنل پریس کلب، سپریم کورٹ رپورٹر ایسوسی ایشن، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن، پی ٹی آئی بیٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن، ینگ رپورٹرز فورم اور اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان کی کوریج پر مامور رپورٹرز کی قیادت کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں غور کیا گیا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کے وعدے کے مطابق 72 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان پر معافی نہیں مانگی جو فلور آف دی ہاؤس پی ٹی آئی قیادت کے وعدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے بھی اس دوران یہ بیان سامنے آیا ہے کہ وہ علی امین گنڈاپور کے بیان کے ایک ایک لفظ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر تحریک انصاف کی طرف سے اگلے 24 گھنٹوں میں کوئی واقع موقف نہیں آتا تو علی امین گنڈاپور کا بیان تحریک انصاف کا آفیشل بیان سمجھا جائیگا جس پر ملک بھر کے صحافی راست اقدام کرینگے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی کوریج کے ملک گیر بائیکاٹ،قانونی ودیگر آپشنز استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی آفیشل پیجز سے اشتعال انگیز بیانات جاری کیے جا رہے ہیں۔
صحافیوں کے مشاورتی اجلاس میں سیکریٹری جنرل آر آئی یو جے آصف بشیر چودھری، سیکریٹری نیشنل پریس کلب نئیر علی، صدر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن عثمان خان ، سیکریٹری نوید اکبر، صدر سپریم کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن عقیل افضل ، سیکریٹری عمران وسیم، صدر پی ٹی آئی بیٹ رپورٹرز اور ینگ رپورٹرز فورم اسامہ اقبال، سیکریٹری پی ٹی آئی بیٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن ناصر بٹ، فنانس سیکریٹری رانا رومان ینگ رپورٹرز فورم، عمران خان کی کوریج پر اڈیالہ جیل میں معمور رپورٹرز کے نمائندے یاسر حکیم اور شبیر ڈار شریک ہوئے۔
جنرل سیکرٹری راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس آصف بشیر چودھری نے اعلامیہ ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: علی امین گنڈا پور اپنے بیان پر معافی مانگیں اور عمران خان بیان پر وضاحت دیں بصورت دیگر تمام صحافی بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کریں گے، صحافتی قیادت کا مشترکہ فیصلہ!!!