
منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو مطلوب سائرہ انور جو کہ مبینہ طور پر پنجاب کی کسی بڑی سیاسی شخصیت کی اہلیہ ہیں لاہور کی مقامی عدالت نے نہ صرف ان کی ضمانت منظور کی ہے بلکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے 2 مارچ تک گرفتاری سے بھی روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے سائرہ انور کی ضمانت پر ایف آئی اے سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں 2 مارچ تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج غلام رسول نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران سائرہ انور کو شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق سائرہ انور آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں 2 بار طلب کرنے کے باوجود ایف آئی اے پیش نہیں ہوئیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سائرہ انور کے اکاؤنٹس میں 175 ملین روپے جمع ہوئے، انہوں نے 2019 سے اب تک 6 لگژری پلاٹس اور گھر خریدے۔ سائرہ انور سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ پنجاب کی انتہائی اہم سیاسی شخصیت کی اہلیہ ہیں تاہم اس بات کی کسی نے تصدیق یا تردید نہیں کی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pervhaaiahsha.jpg