
لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دے دیا جس کے بعد اداکارہ کی والدہ کا بیان سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا عدالت نے عتیق الرحمان کو میرا کا شوہر قرار دیا ہے میں اس فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ میرا کی والدہ شفقت رباب بیگم کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہوا ہے جو اُنہوں نے لاہور کی سیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد جاری کیا۔ میرا کی والدہ نے کہا کہ’عدالت نے عتیق الرحمان کو میرا کا شوہر قرار دے دیا ہے میں اس فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں عتیق الرحمان سے کہنا چاہتی ہوں کہ وہ آئیں اور اپنی دُلہنیا میرا کو رخصت کرکے لے جائیں۔ شریعت کے قانون کے مطابق جو نان نقفا بنتا ہے، وہ عتیق الرحمان ادا کریں۔ میں عتیق الرحمان اور میرا کی صلح کروانے کے حق میں ہوں۔‘
واضح رہے کہ لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا ہے، عدالت نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے اداکارہ کی اپیل پر فیصلہ سنایا، فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میرا نے اپیل دائر کر رکھی تھی۔
قبل ازیں فیملی کورٹ نے بھی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان ہی کی بیوی قرار دیا تھا۔ اداکارہ میرا کا موقف ہے کہ وہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہیں، عتیق الرحمان نے جعلی نکاح نامہ تیار کروایا تھا۔ جس پر ادکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا سے مؤقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1meeramother.jpg