
والدہ نے طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد طلب کی لیکن انتظامیہ کی طرف سے انکار کر دیا گیا: بیٹی عالیہ حمزہ ملک
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف وسابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالیہ حمزہ کی بیٹی کا پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ: عالیہ حمزہ ملک کی بیٹی نے دل دہلا دینے والا پیغام دیا ہے! عالیہ حمزہ ملک پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے کام کرنے والی ہماری ایک انتہائی بہادر ساتھی ہیں جو اس وقت بھی ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ جیل کاٹ رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ عالیہ حمزہ ملک کی بیٹی نے پیغام دیا ہے کہ چند دن قبل جیل کے انتہائی خراب حالات میری والدہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہو گئی تھی جس کی وجہ ان کے دل کی دھڑکن انتہائی تیز ہو گئی تھی۔ انہوں نے طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد طلب کی لیکن انتظامیہ کی طرف سے انکار کر دیا گیا۔
عالیہ حمزہ کی بیٹی نے بتایا کہ ان کی والدہ کی صحت بہت بگڑ گئی تھی اور ایک دن پہلے وہ ہوش وحواس کھو بیٹھی تھیں اور گر گئی تھیں جس کی وجہ سے ان کے سر کے پچھلے حصے سے خون بہہ نکلا اور ان کے کندھے اور بازو پر بائیں جانب چوٹیں آئی ہیں۔ 24 گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن انہیں ابھی تک طبی امداد نہیں دی جا رہی۔ ہمیں میڈیا کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، 42 دن سے وہ جیل میں قید ہیں اور بدترین حالات کا سامنا کر رہی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1671188498408263689
علاوہ ازیں ایک اور پیغام میں عمر ایوب خان نے ایم این اے احسان ٹوانہ کے فارم پر پولیس چھاپے اور ان کے منیجر گرفتار کرنے پر مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ: قانون کی حکمرانی نہ ہونے کے باعث ہم ایک بنانا ریپبلک بن چکے ہیں اور پھر حکومت حیرانی کا اظہار کرتی ہے کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری کیوں نہیں کرنا چاہتا۔ اس امپورٹڈ فاشسٹ حکومت کام نہیں کرے گی، ان کا مقصد صرف پی ٹی آئی کو فکس کرنا ہے لیکن پی ٹی آئی مستحکم ومضبوط ہے۔
https://twitter.com/x/status/1671147567801937920
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی رہنمائوں وکارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے تھے جس میں سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو بھی ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عالیہ حمزہ کو گرفتار کیے ہوئے 42 دن ہو چکے ہیں، آج بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں ان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9luaattahaambenant.jpg